دبئی7اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) عراق میں الصدری گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر نے وزیراعظم عادل عبدالمہدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سمیت تمام حساس سکیورٹی منصبوں پر تقرر کا اختیار خصوصی طور پر وزیراعظم کے ہاتھ میں ہی رکھیں۔مقتدی الصدر کے مطابق "کسی بھی پارلیمانی بلاک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ان منصبوں کے لیے اپنے امیدوار نامزد کرے۔ یہ مناصب سیاسی جماعتوں میں تحفے کے طور پر تقسیم نہیں ہونا چاہئیں اور نہ کوٹے کے ذریعے بندر بانٹ کی جائے"۔ انہوں نے باور کرایا کہ ان اہم مناصب کے لیے اہلیت کی حامل آزاد شخصیات پر انحصار کیا جائے۔مقتدی الصدر نے اس بات پر زور دیا کہ بقیہ مناصب کے لیے بھی انتخاب پارٹی کوٹے سے دْور رہتے ہوئے پیشہ وارانہ بنیادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔